بھوپال،4جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس پارٹی اپنی کھوئی زمین کی تلاش کے لئے 10جولائی کو مدھیہ پردیش کے بھنڈ میں تقریبا ایک لاکھ لوگوں کی ریلی کرے گی۔اس سے پہلے صوبہ بھر میں کانگریس سوابھیمان یاترا نکالی جا رہی ہے، اس یاترا میں ہر بلاک سطح پر گھڑے پھوڑکر ’’شیوراج کا پاپ کا گھڑا بھر گیا، جنتا پھوڑے گی‘‘کے نعرے کو عوام کے دماغ پر چسپاں کرنے کی کوشش ہوگی۔10جولائی کو بھنڈ میں ہونے والی ریلی میں کانگریس کے تمام بڑے لیڈر گھڑے پھوڑکر عوام کو خطاب کریں گے۔اس کے لئے پارٹی نے خاص تیاری کر رکھی ہے تاکہ دھڑوں میں تقسیم مدھیہ پردیش کانگریس کو اس ریلی میں عوام کے سامنے متحد دکھایا جائے،لہذا اس ریلی میں ریاستی کانگریس صدر ارون یادو، پارٹی اراکین کے لیڈر اجے سنگھ کے ساتھ دگ وجے سنگھ، کمل ناتھ، جیوتی رادتیہ سندھیا، کاتلال بھوریا اور سریش پچوری سمیت تمام بڑے لیڈران ایک ساتھ موجود رہیں گے،ابھی تک اس ریلی میں راہل گاندھی کی موجودگی کا پروگرام نہیں ہے۔کانگریس کی کوشش ہے کہ، جنگ ریاستی کانگریس بمقابلہ شیوراج کی ہو، نہ کہ، مودی بنام نیشنل کانگریس کی۔
کانگریس 5جولائی کو بابا صاحب امبیڈکر کی جائے پیدائش ماہو میں پرکاش امبیڈکر اور جیوتبا پھلے کے بڑے پیروکار سنیل سردار کے ساتھ کانگریس کے انچارج موہن پرکاش، ارون یادو اور اجے سنگھ پرتھنا سبھا میں شامل ہوں گے۔اس کے بعد یہ تمام بھارتی کسان سماج کی ریلی کو بھی خطاب کریں گے۔ان تمام کا شام کو امبیڈکر یونیورسٹی میں طالب علموں سے ملنے کا بھی پروگرام ہے۔
دلت اور کسان اتحاد بنانے کی ہی کوشش میں ماہو کے پروگرام کے بعد پارٹی کی جانب سے مندسور ضلع کی لاہر گڑھ تحصیل میں جیل بھرو تحریک رکھی ہے۔اسی تحصیل میں کسانوں پر حال میں گولیاں چلیں تھیں، جس میں 5کسانوں کی موت ہو گئی تھی۔صاف ہے کہ 14سال سے ریاست کے اقتدار سے باہر کانگریس اب کسانوں اور دلتوں کو اپنے پالے میں متحد کرکے اقتدار میں واپسی کی کوشش میں لگ گئی ہے۔پارٹی کو لگتا ہے کہ، کسان اور دلت کا اتحاد اگر کامیاب ہوا تو اس ریاست کے اقتدار میں کانگریس کی واپسی ممکن ہے لیکن کانگریس کے سامنے وہ شیوراج ہیں جو مسلسل دو انتخابات میں کانگریس کو پٹخنی دے چکے ہیں۔